ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ کی اداکار جوڑی ایشوریا رائے اور ابھیشیک بچن کی 11 سالہ بیٹی ارادھیا بچن اپنی صحت سےمتعلق غلط خبر نشر کرنے پر یوٹیوب چینل کے خلاف دہلی ہائی کورٹ پہنچ گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق ارادھیا بچن کی دائر کردہ درخواست پر 20 اپریل یعنی آج سماعت ہوگی۔
بتایا جارہا ہے کہ ارادھیا نے اپنے حوالے سے نامناسب اور جعلی خبر نشر کرنے پر دہلی کی عدالت میں شکایت درج کروائی ہے۔
خیال رہے ارادھیا بچن کو سوشل میڈیا پر اکثر ہی ٹرولز کا نشانہ بنایا جاتا ہے، کبھی ان کے اسٹائل تو کبھی ظاہری شخصیت پر تنقیدکی جاتی ہے۔
اس سے قبل ارادھیا کے والد ابھیشیک بچن بھی بیٹی کو آن لائن ٹرولز کے ذریعے ہراساں کیے جانے کے حوالے سے آواز بلند کر چکے ہیں۔
ابھیشیک بچن نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ معروف شخصیت ہونے کے باعث اگر کسی کو کچھ کہنا ہے تو انہیں کہیں ان کے منہ پرکہیں لیکن ارادھیا بچن کو بیچ میں نہ لایا جائے۔