کراچی: (ویب ڈیسک): وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے نیو کلیئر پاور پلانٹ کے-3 کا افتتاح کر دیا۔ کراچی آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی شراکت سے تعمیر ہونے والے نیو کلیئر پاور پلانٹ کے-3 کا افتتاح کیا.
افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چین کی شراکت سے تعمیر ہونے والے کراچی نیوکلیئر پاور پلانٹ کے تیسرے یونٹ ’کے تھری ’کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پلانٹ کا افتتاح میرے لیے قابل اعزاز ہے۔
چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، پاکستان کو کلین اور سستی توانائی کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان دو بہترین دوست ہیں، یہ دوستی گزشتہ 75 برسوں کے دوران تمام مصائب و مشکلات اور خوشیوں کے مواقع پر مزید مضبوط ہوتی گئی، چین نے سیلابوں میں، طوفانوں میں، زلزلوں میں جنگوں اور امن میں ساتھ دیا۔
منصوبے سے ماحول دوست 1100 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی جبکہ جوہری توانائی بجلی گھر سے مجموعی پیداوار 2200 میگاواٹ ہو جائے گی۔