کراچی (ویب ڈیسک): پنجاب کے علاقے خانیوال میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے دو افسران کو قتل کردیا۔ خانیوال پولیس ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر نوید سیال اور انسپکٹر ناصر عباص خانیوال میں قومی شاہراہ پر ایک ہوٹل پر موجود تھے کہ موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔
واقع کے فوری بعد ایڈیشنل آئی جی صاحبزادہ شہزاد سلطان جائے وقوع پر پہنچ گئے. ایڈیشنل آئی جی صاحبزادہ شہزاد سلطان نے کہا کہ ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا جس کے لیے پولیس قانونی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے اور معاملہ کی بیخ کنی کر کے حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
بعدازاں واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق چوہدری پرویز الٰہی نے ہدایت کی ہے کہ فائرنگ کے ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایاجائے۔
چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام ضروری وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔