ممبئی(ویب ڈیسک): بالی وڈ اداکارہ شردھا کپور اور راجکمار راؤ کی فلم ’استری 2‘ اپنی ریلیز کے پہلے 7 دنوں میں 400 کروڑ کے کلب میں شامل ہو گئی۔بھارتی میڈیا کے مطابق شردھا کپور کی حالیہ فلم نے بھارت میں 342 کروڑ روپے اور غیر ملکی مارکیٹ میں 59 کروڑ روپے کا مجموعی باکس آفس کلیکشن کیا ہے۔
کامیڈی ہارر فلم ’استری 2‘ کا مجموعی باکس آفس کلیکشن ایک ہفتے میں 401 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے۔
پروڈکشن ہاؤس میڈاک فلمز نے انسٹاگرام پر اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے لکھا: ’ایک حیرت انگیز ہفتہ! آپ کے پیار کا شکریہ‘۔
فلم عالمی باکس آفس پر 400 کروڑ روپے کا سنگ میل عبور کرنے والی سب سے تیز ترین بالی وڈ فلم بن گئی ہے۔
یاد رہے کہ نئے ریکارڈ کے ساتھ ’استری 2‘ نے ’جوان‘ (11 دن)، ’اینمل‘(11 دن)، ’پٹھان‘ (12 دن)،’غدر 2‘ (12 دن)، ’باہوبلی 2: دی کنکلوژن‘ کے ہندی ورژن (15 دن)، اور ’کے جی ایف: چپٹر 2‘ کے ہندی ورژن (23 دن) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔