کراچی (ویب ڈیسک): مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے وفاقی کابینہ کے حجم پر بات کرتے ہوئے کہا ہےکہ 85 ارکان کی کابینہ بہت زیادہ ہے، کوئی بھی اسے سپورٹ نہیں کرسکتا۔
ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں امیروں کو زیادہ بوجھ برداشت کرنا چاہیے اور آئی ایم ایف بھی یہی چاہتا ہے کہ امیروں پر ٹیکس لگایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی مارکیٹ میں مقابلے کے رجحان کے باعث ایکسپورٹر کو سبسڈی دی جاتی ہے، ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے صنعتوں کو سبسڈی ملک کے مفاد میں دی جاتی ہے۔
وفاقی کابینہ پر بات کرتے ہوئے محمد زبیر کا کہنا تھا کہ 85 ارکان کی کابینہ بہت زیادہ ہے، کوئی بھی اسے سپورٹ نہیں کرسکتا تاہم آدھے سے زیادہ کابینہ ارکان کو کوئی سہولت نہیں دی جارہی، (ن) لیگ کے زیادہ تر کابینہ ارکان بغیر تنخواہ اور مراعات کے کام کررہے ہیں۔