اسلام آباد (ویب ڈیسک)؛ وفاقی وزیرخزانہ اسحٰق ڈار نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیا۔پی ٹی وی سے جاری ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی یکم مارچ سے نئی قیمتیں لاگو ہوں گی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں:
پیٹرول فی لیٹر: 267 روپے
ہائی اسپیڈ ڈیزل فی لیٹر: 280 روپے
مٹی کا تیل فی لیٹر:187 روپے 73 پیسے
لائٹ ڈیزل آئل فی لیٹر: 184 روپے 68 پیسے
انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی جارہی ہے اور 280 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی۔
اسحٰق ڈار نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت اس وقت 272 روپے ہے اور 5 روپے کمی کے ساتھ نئی قیمت 267 روپے فی لیٹر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ مٹی کے تیل کی موجودہ قیمت 202 روپے 73 پیسے ہے اور 15 روپے کمی کے ساتھ 187 روپے 73 پیسے کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل آئل کی اس وقت قیمت 196 روپے 68 پیسے ہے، اس کو 12 روپے کمی کے ساتھ 184 روپے 68 پیسے کیا جا رہا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے پیٹرول کی قیمت میں کمی کو عوام کے لیے اچھی خبرقرار دیتے ہوئے اسحٰق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے 16 فروری کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کیا تھا۔
روپے کی گرتی ہوئی قدر کے پیش نظر حکومت پاکستان نے پیٹرول کی قیمت میں 22.20 روپے اور ڈیزل 17.20 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کا اعلان کردیا تھا۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 22.20 روپے، ڈیزل کی قیمت میں 17.20 روپے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 12.90 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 9.88 روپے فی لیٹر بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل یکم فروری کو حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں 35،35 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا۔
اس کے علاوہ مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 18،18 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا تھا۔