ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکارہ امیتابھ بچن اپنے نئے پروجیکٹ کی شوٹنگ کے دوران شدید زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق امیتابھ بچن نے اپنے ویلاگ میں انکشاف کیا ہے کہ وہ حیدرآباد میں اپنی نئی فلم ’ پروجیکٹ کے‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک حادثے کا شکار ہو کر شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
اداکار نے لکھا کہ آنے والی فلم میں ایکشن سیکوئنس کی شوٹنگ کے دوران وہ حادثے کا شکار ہوئے جس کی وجہ سے ان کی پسلی ٹوٹ گئی ہے۔ انہیں فوری طور پر حیدرآباد کے اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ فلم کی شوٹنگ بھی منسوخ کر دی گئی ہے۔
امیتابھ بچن نے بتایا کہ وہ شدید زخمی ہونے کے باعث تکلیف میں ہیں اور ان دِنوں گھر پر آرام کر رہے ہیں ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے کیونکہ انہیں حرکت کرنے اور سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے۔
امیتابھ بچن نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کیونکہ وہ اپنے گھر جلسہ میں آرام کر رہے ہیں اس لئے وہ کچھ ہفتوں تک مداحوں سے گھر کے دروازے پر نہیں مِل سکیں گے۔