ممبئی (شوبز ڈیسک): ہندی، تامل اور تیلگو فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ پائل گھوش نے انسٹاگرام پر مبینہ خودکشی نوٹ شیئر کیا ہے جس پر ان کے مداحوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
2020 میں معروف بالی وڈ ڈائریکٹر انوراگ کشیاپ پر جنسی ہراسانی کا الزام لگانے والی اداکارہ پائل گھوش نے ایک نامکمل خودکشی نوٹ انسٹا گرام پر شیئر کیا۔
اس نوٹ میں لکھا ہے کہ ’میں پائل گھوش ہوں، اگر میں خودکشی کے نتیجے میں مر جاؤں یا مجھے ہارٹ اٹیک ہوجائے تو جو لوگ اس کے ذمہ دار ہوں گے ان میں۔۔۔‘
اس نامکمل نوٹ نے پائل کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا جنہوں نے کمنٹ سیکشن میں سوالات کی بھرمار کردی۔کئی صارفین نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ کوئی بھی انتہائی قدم اٹھانے سے قبل ڈاکٹر سے مشورہ کریں اور ضرورت پڑے تو ماہر نفسیات کی مدد بھی لیں۔صارفین کے سوالات پر پائل گھوش نے کوئی جواب نہیں دیا اور یہ بھی معلوم نہیں ہوسکا کہ یہ نوٹ انہوں نے کیوں لکھا ہے۔
خیال رہے کہ 2020 میں پائل گھوش نے معروف بالی وڈ ڈائریکٹر انوراگ کشیاپ پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا تاہم انوراگ نے انہیں بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا تھا.