لاہور (اسپورٹس ڈیسک): پشاور نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد کو 12 رنز سے ہرا کر پی ایس ایل سے باہر کردیا۔ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے پہلے ایلیمنیٹر میں پشاور زلمی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 184 رنز کا ہدف دیا۔لاہور میں بوندا باندی کے باعث پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ٹاس کچھ دیر تاخیر سے ہوا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے صائم ایوب اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ٹیم کو 4.4 اوورز میں 60 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، صائم ایوب 23 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں اپنی پانچویں ففٹی مکمل کی اور وہ 39 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد حارث نے بھی 34 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ حسیب اللہ نے 16 اور ٹام کوہلر کیڈمور نے 16 رنز بنائے۔ پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹٖڈ کی جانب سے شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فہیم اشرف، فضل حق فاروقی، حسن علی اور محمد وسیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
جواب میں اسلام آباد کی ٹیم ہدف حاصل نہ کرسکی اور شکست کھا گئی۔ اسلام آباد کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز بنا سکی۔ اسلام آباد کیجانب سے صہیب مقصود 48 گیندوں پر 60 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔
اس کے علاوہ ایلکس ہیلز 57 اور شاداب خان 26 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پشاور کی جانب سے عامر جمال اور سلمان ارشاد نے آخری اوورز میں شاندار بولنگ کی اور دونوں نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
اس فتح کے ساتھ ہی اسلام آباد باہر ہوگئی ہے جبکہ پشاور کا مقابلہ اب لاہور قلندرز کے ساتھ دوسرے ایلیمنیٹر میں جمعے کو ہوگا۔ دونوں میں جو ٹیم جیتی وہ اتوار کو ملتان سلطانز کے ساتھ فائنل کھیلے گی۔