حیدرآباد (ویب ڈیسک): سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے سینیٹ میں پاکستان میری ٹائم زونز بل 2022 کی پیش کرنے اور اسے کمیٹی کے سپرد کرنے کے عمل پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو صوبائی ملکیت پر قبضہ کرنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ پاکستان ایک سندھ، پختون خواہ، بلوچستان اور پنجاب پر مبنی وفاق ہے جس میں صوبوں کی اپنی جغرافیائی حدود ہیں، ان حدود میں جو زمین، پانی اور تمام وسائل کے مالک صوبےہیں۔ وفاق ان پر ملکیت کا دعویٰ نہیں کر سکتا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میری ٹائم زونز بل میں وفاق کو سمندر کی حدود کا تعین کرنے کا اختیار دینا یا وہاں غیر ملکی آبادکاری کی منصوبہ بندی کے لیے سمندری جزیرے یا مصنوعی جزیرے بنانا یا ان کی ملکیت کے حوالے سے وفاق کے حق میں قوانین بنانا غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ بل کے تحت وفاقی حکومت کو سمندر میں مصنوعی جزیروں پر خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کا اختیار دیا گیا ہے جو کہ نہ صرف صوبوں کے حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ وہ اسے کو منظم طریقے سے غیر ملکیوں کو آباد کرنے کی سازش سمجھتے ہیں.
ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ عمران حکومت نے صدارتی آرڈیننس کے ذریعے سندھ کے جزیروں پر بھی قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن سندھ کے عوام نے اپنے شدید احتجاج سے اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اب پی ڈی ایم کی حکومت ایک بار پھر ایسی سازش کر رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہزاروں سال پرانی تہذیب کے ساتھ ایک تاریخی فطری مادر وطن ہے اور اس کی آبادی کو تبدیل کرنے کی کوئی سازش برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر پاکستان میری ٹائم زونز بل 2022 کے ذریعے سندھ کے جزیروں پر قبضہ کرنے یا قدیم رہائشی ماہی گیروں کو بے دخل کرنے اور سندھ کی سرحدوں کی خلاف ورزی کا سوچے گا تو سندھ اس کے خلاف آواز اٹھائے گا اور عوامی جدوجہد کے ذریعے ان سازشوں کو ناکام بنائے گا۔
دوسری جانب سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کراچی میں راشن لیتے ہوئے شہریوں کےکچل کر ہلاک ہونے والے واقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے عوام کی زندگی عذاب کر دی ہے۔ عوام بیک مانگنے پر مجبور ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں کے کھانے کے لیے پریشان ہیں۔ حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔ کراچی کا واقعہ عوام کی حالت زار اور حکمرانوں کی بربریت اور غفلت کی عکاسی کرتا ہے۔
ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا تھا کہ معصوم جانوں کے قاتل حکمران ہیں جنہوں نے عوام کو اس حال تک پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں.