کیلیفورنیا (ٹیک ڈیسک): سماجی رابطوں کے پلیٹ فارم فیس بک کی مالک کمپنی میٹا نے مصنوعی ذہانت سے موسیقی بنانے والا ٹول متعارف کرا دیا۔میوزک جین نامی یہ آلہ تحریر کو 12 سیکنڈ کی آڈیو میں تبدیل کر نے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جبکہ اس آلے کو کسی محولہ آڈیو یعنی کسی گانے کی مدد سے بھی ہدایت دی جا سکتی ہے۔
میٹا کا کہنا ہے کہ میوزک جین کو 20 ہزار گھنٹوں پر مشتمل موسیقی کی تربیت دی گئی ہے۔ اس موسیقی میں اعلیٰ معیار کے 10 ہزار لائسنس یافتہ میوزک ٹریک اور 3 لاکھ 90 ہزار شٹر اسٹاک اور پونڈ 5 کے انسٹرومنٹ پر مبنی ٹریک شامل ہیں۔
کمپنی نے وہ کوڈ فراہم نہیں کیا ہے جس کو استعمال کرتے ہوئے اس ماڈل کو تربیت دی گئی ہے لیکن کمپنی کی جانب سے پری-ٹرین ماڈل دستیاب کر دیے گئے ہیں جن کو درست ہارڈ ویئر کے ساتھ استعمال کیا جاسکتا ہے۔