حیدرآباد (ویب ڈیسک): سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی کی زیر صدارت سندھ ترقی پسند پارٹی سینٹرل باڈی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ایس ٹی پی کے مرکزی وائس چیئرمین گلزار سومرو، حیدر شاہانی، حیدر ملاح، ڈاکٹر سومار منگریو، عاشق سولنگی، قادر چنا، امتیاز سمون، نثار کيريو نے شرکت کی۔ اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے فیصلوں کی روشنی میں تنظیمی اور سیاسی منصوبہ بندی کی گئی۔اجلاس میں سندھ کے ساحلی علاقوں میں طوفان اور بارش کے امکان کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ سندھ حکومت گزشتہ سال بارش کے متاثرین کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ اس بار بھی حکمرانوں کا یہی رویہ دیکھنے میں آ رہا ہے ۔
الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا نے لوگوں کو ممکنہ طوفان اور بارشوں سے خبردار کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اور لوگ اپنی مدد آپ نقل مکانی کر رہے ہیں۔ باقی وزراء اور بیوروکریسی صرف فوٹو سیشن تک محدود ہیں۔
سندھ حکومت اس مشکل وقت میں سنجیدہ ہو کر ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ قائم کیمپوں میں خاندانوں کو سہولیات فراہم کی جائیں۔حکومت سندھ کی جانب سے اعلان کردہ سرکاری اسکول میں کیمپ لگانا محض کاغذی کام ہے کیونکہ ان اسکولوں میں کوئی سہولیات میسر نہیں۔چھ یا سات کمروں والے سکولوں میں سینکڑوں خاندان کیسے رہ سکتے ہیں؟ سکولوں میں پانی، بجلی اور واش روم سمیت کوئی بھی سہولت میسر نہیں۔
ساحلی علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے لوگوں کو ٹھٹھہ اور کراچی شہروں میں بڑی بڑی سرکاری عمارتوں میں رہائش دی جائے اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔
ایس ٹی پی کارکنان اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کی مددگار ہون۔ اور وفود کی صورت میں افسران سے مل کر عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مدد کریں۔