کراچی (ویب ڈیسک): برصغیر پاک و ہند کے عظیم بزرگ سید عبداللہ شاہ غازی کے 1239 واں عرس مبارک کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں. ملک بھر سے زائرین قافلوں کی شکل میں آنا شروع ہو گئے ہیں، جن کی تواضع کے لیے محکمہ اوقاف اور فلاحی تنظیموں کی جانب سے بڑے پیمانے پر دستر خوان سجا دیئے گئے، مزار کو رنگ برنگی جھنڈیوں اور خوش نما چراغاں کر کے سجا دیا گیا.
وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے اوقاف پیر سید احمد رضا شاہ جیلانی نے سیکریٹری اوقاف منور علی مہیسر اور چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف علی گل سنجرانی کے ہمراہ مزار پر حاضری دی اور انتظامات کا جائزہ لیا .
مینیجر اوقاف حاجی پنہوں خان نے معاون خصوصی ٹو سی ایم کو عرس کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ تین روزہ عرس کے دوران روزانہ بنیاد پر محفل سماع محفل نعت اور محفل میلاد برائے خواتین کا انعقاد ہو گا. اس سلسلے میں ملک کے نامور نعت خواں و قوال حضرات سے رابطے کیے گئے ہیں جو اپنے مخصوص انداز میں کلام پیش کریں گے.
انہوں نے مزید بتایاکہ زائرین کی تواضع کے لیے پڑے پیمانے پر لنگر و سبیل کا اہتمام کیا گیا ہے جہاں تین وقت زائرین کو کھانا کھلایا جائے گا جبکہ سبیل پر دودھ اور شربت کا اہتما م بھی کیا جائے گا .
تفصیل بتاتے ہوئےحاجی پنہوں خان نے کہا کہ محکمہ اوقاف کی جانب سے میڈیکل کیمپ لگایا جائے گا جہاں طبی عملہ اور مفت ادویات فراہم کی جائیں گی. پولیس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے علاوہ محکمہ اوقاف کے سیکیورٹی گاڈ زسکیورٹی کی ڈیوٹی انجام دینگے.
اس موقع پر وزیر اعلی کے معاون خصوصی نے ہدایت کی کہ سید عبداللہ شاہ غازی کے عرس پر آنے والے زائرین کی تواضع اور خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت نہ برتی جائے واضح رہے عرس کی تقریبات کا اغاز آج رات مزار کے غسل اکبر سے کیا جائے گا جبکہ تقریبات ۱۱ جولائی تک جاری رہیں گی