کراچی (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کرکٹ ٹیم ٹیسٹ سیریز کیلئے سری لنکا روانہ ہوگئی، قومی ٹیم براستہ دبئی کولمبو پہنچے گی۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، پہلا ٹیسٹ 16 جولائی سے گال جبکہ دوسرا ٹیسٹ 24 جولائی سے کولمبو میں شیڈول ہے۔
قومی ٹیم کی سری لنکا روانگی سے قبل چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف نے کپتان بابر اعظم سے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری ٹیم کو میری طرف سے نیک خواہشات کا پیغام دیں، توقع ہے کہ ٹیم دورہ سری لنکا اور ایشیا کپ میں پاکستان کیلئے کامیابیاں سمیٹے گی۔
اس موقع پر بابر اعظم نے ذکا اشرف کو چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ کے پچھلے دور میں بھی پاکستان نے ایشیا کپ جیتا تھا، انشاءاللّٰہ اس بار بھی ایشیا کپ جیت کر پاکستان لائیں گے۔