اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف نے سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ او آئی سی کے پلیٹ فارم سے اس شیطانیت کے تدارک کی مشترکہ حکمت عملی بنائیں گے، او آئی سی کو امت مسلمہ کے احساسات کی ترجمانی اور اس شیطانیت کو رکوانے میں تاریخی کردار ادا کرنا ہے، توریت، انجیل اور قرآن کریم کی بے حرمتی کی اجازت دینے کے فیصلے کو تبدیل کرنے کی مہم چلائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مقدس کتابوں، ہستیوں اور شعائرکی بے حرمتی اظہار کی نہیں دنیا کو مستقل آزار دینے کی آزادی ہے، ان واقعات کا تسلسل اور ترتیب ثبوت ہےکہ یہ اظہارکا نہیں بلکہ سیاسی اور شیطانی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پورے عالم اسلام اور مسیحی دنیا کو مل کر اس سازش کو روکنا ہوگا، شیطان کے پیروکار اُس کتاب کی بے حرمتی کررہے ہیں جس نے انسانوں کو عزت دی، حقوق اور رہنمائی دی، توریت اور انجیل کی بے حرمتی کی اجازت دینے کے فیصلے سے بے حرمتی کرنے والوں کی حوصلہ افزائی ہوئی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ یہ نفرت کا فروغ ہے جس کی عالمی قانون اجازت نہیں دیتا، مذہبی جذبات بھڑکانے، اشتعال انگیزی ،دہشتگردی اور تشدد پراکسانےکے یہ رویے دنیا کے امن کے لیے مہلک ہیں، یہ رویے قانونی اور اخلاقی دونوں لحاظ سے ہی شدید قابل نفرت اور قابل مذمت ہیں۔