اسلام آباد (ویب ڈیسک): الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستوں کی تعداد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام آخری مراحل میں داخل ہوگیا، الیکشن کمیشن کل ابتدائی حلقہ بندیوں کی منظوری دے گا جس کی فہرست 27 ستمبر کو جاری ہوگی۔
نئی حلقہ بندیوں میں بھی الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی و صوبائی اسمبلیوں کی موجودہ نشستیں برقرار رکھی جارہی ہیں، الیکشن کمیشن کی حلقہ بندی کمیٹیوں نے ابتدائی حلقہ بندیوں پر کام مکمل کر لیا ہے۔
اپنے جاری کردہ بیان میں الیکشن کمیشن نے مزید کہا ہے کہ عام انتخابات سے قبل ملک بھر میں حلقہ بندیوں پر کام تیزی سے جاری ہے، چیف الیکشن کمشنر اور ممبران کی منظوری کے بعد ابتدائی حلقوں کی فہرست جاری ہوگی، جب کہ ان حلقہ بندیوں پر تجاویز اور اعتراضات 28 ستمبر تا 27 اکتوبر دائر ہوسکیں گے جنہیں کمیشن 26 نومبر تک نمٹائے گا اور حتمی فہرست 30 نومبر کو جاری کی جائے گی۔