آرمینیا (ویب ڈیسک): آذربائیجان کے متنازع علاقے نگورنو کاراباخ میں تیل کے ڈپو میں دھماکے سے 20 افراد ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق آرمینیا کے مقامی حکام کا کہنا ہےکہ نگورنو کاراباخ کے فیول ڈپو سے دھماکے میں 20 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل ڈپو میں دھماکے کے بعد تقریباً 300 افراد کو مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جس میں سے درجنوں افراد کی حالت نازک ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نگورونو کاراباخ کے آئل ڈپو میں دھماکا ایسے وقت میں ہوا جب آذربائیجان کی جانب سے علاقے میں فوجی آپریشن جاری ہے۔
آرمینین حکومت کا کہنا ہےکہ اس انکلیو سے اب تک 13 ہزار سے زائد افراد ملک سے انخلا مکمل کرچکے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئل ڈپو میں دھماکے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکی ہیں۔
اس حوالے سے انسانی حقوق کی تنظیم کے اہلکار نے بتایا کہ آئل ڈپو میں دھماکے کے نتیجے میں زخمیوں کی تعداد 200 سے زیادہ ہے۔
مقامی حکام کےمطابق دھماکے کے بعد جائے حادثہ سے 13 لاشیں ملیں اور 7 افراد اسپتال پہنچ کر دم توڑ گئے۔
دوسری جانب آرمینیا کے وزیراعظم کا کہنا ہےکہ خطے میں نسل کشی کی جارہی ہے، اب یہی ہورہا ہے اور یہ بدقسمتی ہے کیونکہ ہم عالمی برادری پر اس حوالے دباؤ ڈال رہے ہیں۔