کراچی (اسپورٹس ڈیسک): سابق قومی کرکٹر اور اسپیڈ اسٹار شعیب اختر نے مدینے میں نوکری ملنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔شعیب اختر حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جس دوران میزبان نے ان سے حج و عمرے سے متعلق سوال کیا جس کے جواب میں شعیب اختر نے بتایا کہ میں نے پہلی مرتبہ 2014 میں حج کیا تھا، یہ حج جمعہ کا حج تھا، اس کے بعد گزشتہ برس اللہ نے ایک بار پھر اپنے گھر بلالیا اور میں پھر حج پر چلاگیا، اللہ کی مہربانی ہے کہ اس نے مجھے اپنے گھر بلالیا ۔
انہوں نے کہا کہ کائنات کی سب سے خوبصورت جگہ خانہ کعبہ اور حضور پاک ﷺ کا گھر مبارک ہے جہاں جاکر طبیعت خوش ہوجاتی ہے۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ مدینے میں منہ ڈھانپ کر قالینوں پر سوجاتا تھا تاکہ کوئی پہچان کر ڈسٹرب نہ کرے کیوں کہ وہاں بھی لوگ پہچان کر پھر سیلفیاں اور تصویروں کیلئے تنگ کرتے ہیں جس کیلئے میں کبھی منع نہیں کرتا لیکن عبادت کیلئے جب جائیں تو دل کرتا ہے انسان وہاں صرف اکیلا ہو، ریاض الجنۃ میں بھی ایک سے 2 گھنٹے میں اکیلا بیٹھا رہا۔
شعیب اختر نے مزید کہا میری خواہش ہے کہ مجھے مدینہ میں نوکری مل جائے، میں نے مدینے میں جاکر بھی یہی دعا مانگی تھی، اگرچہ مسجد نبویؐ تو بہت بڑی بات ہے مجھے خانہ کعبہ میں بھی اگر تھوڑی سی جگہ مل جائے نا یہ بھی بہت بڑی بات ہے۔