پونے (اسپورٹس ڈیسک): ورلڈ کپ 2023 میں انگلینڈ نے بین اسٹوکس کی شاندار سنچری کی بدولت نیدرلینڈز کو فتح کے لیے 340 رنز کا ہدف دیا ہے۔پونے کے مہاراشٹرا کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔گزشتہ میچوں کے مقابلے میں اس مرتبہ انگلش اوپنرز نے اپنی ٹیم کو قدرے بہتر آغاز فراہم کیا اور انہوں نے 7 اوورز میں 48 رنز بنائے لیکن آریان دت نے 15 رنز بنانے والے جونی بیئراسٹو کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلا دی۔
انگلینڈ کی ٹیم آسٹریلیا سے شکست کے بعد سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہے، پوائنٹس ٹیبل پر نیدرلینڈز کا نمبر نواں ہے جب کہ انگلینڈ کا نمبر دسواں ہے، ایک کے بعد ایک شکست کے بعد انگلش ٹیم کو سخت تنقید کا سامنا ہے جب کہ 2025 میں ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھی اس کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
England fight for a place in the 2025 Champions Trophy, while Netherlands have an outside chance to make the semi-final ✊
🏴 Harry Brook & Gus Atkinson come in for Liam Livingstone & Mark Wood
🇳🇱 Teja Nidamanuru replaces Saqib Zulfiqarhttps://t.co/ORE1JUuTFa | #ENGvNED pic.twitter.com/Tfie8ZrfVJ
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) November 8, 2023
اس کے بعد ڈیوڈ ملان کا ساتھ دینے جو روٹ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 85 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 133 کے مجموعے پر روٹ 28 رنز بنانے کے بعد وین بیک کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔
ڈیوڈ نے 74 گیندوں پر 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی باری کھیلی اور وہ سنچری کی جانب رواں دواں تھے لیکن 139 کے مجموعے پر ملان شاٹ کھیلنے کے بعد رن لینے کے لیے بھاگے لیکن دوسرے اینڈ پر موجود ہیری بروک اس کے لیے تیار نہ تھے اور جب تک ملان واپس لوٹے، وکٹ کیپر بیلز اڑا چکے تھے۔
ہیری بروک نے کپتان جوز بٹلر کے ہمراہ اسکور کو 164 تک پہنچایا لیکن 11 رنز بنانے کے بعد باس ڈی لیڈا نے انہیں چلتا کردیا جبکہ کپتان جوز بٹلر ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہونے کے بعد صرف پانچ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
جب آریان دت نے معین کو 4 رنز پر چلتا کیا تو انگلینڈ کی ٹیم 192 رنز پر 6 وکٹیں گنوا کر شدید مشکلات سے دوچار تھی۔
اس مرحلے نیدرلینڈز کو جلد ہی اسٹوکس کی قیمتی وکٹ لینے کا بھی موقع ملا لیکن وین بیک کی گیند پر فائن لیگ پر کھڑے آریان دت کیچ نہ پکڑ سکے۔
25 سے 40ویں اوور کے دوران نیدرلینڈز کی شاندار باؤلنگ کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس دوران 90 گیندوں پر انگلش بلے باز صرف تین باؤنڈریز مار سکے اور تین وکٹیں بھی لیں۔
اسٹوکس نے ڈراپ کیچ کا خوب فائدہ اٹھایا اور نیدرلینڈز کے باؤلرز کی ناتجربہ کاری سے استفادہ کرتے ہوئے ایک بڑے اسکور کی جانب پیش قدمی شروع کی۔
اس موقع پر کرس ووکس نے بھی ساتھی بلے باز کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں نے 129 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی ٹیم کے بہتر اسکور کی راہ بھی ہموار کی۔
بین اسٹوکس نے شاندار سنچری اسکور کی اور 84 گیندوں پر 6 چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنائے جبکہ ووکس نے بھی 43 گیندوں پر نصف سنچری بناتے ہوئے 45 گیندوں پر 51 رنز کی باری کھیلی۔
انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے اور آخری 10 اوورز میں انگلینڈ نے 124 رنز بٹورے۔
نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈا تین وکٹیں لے کر سب سے کامیبا باؤلر رہے جبکہ آیان دت اور لوگان وین بیک نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
اس سے قبل ٹاس کے بعد انگلینڈکے کپتان جوس بٹلرکا کہنا تھا کہ گزشتہ میچ سے آج کے میچ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، مارک ووڈ اور لیام لیونگسٹن کی جگہ گس اٹکینسن، ہیری بروک ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھی پچ ہے، امید ہے کہ اس کا فائدہ اٹھائیں گے اور اچھا اسکور بنائیں گے۔
نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور ثاقب ذوالفقار کی جگہ تیجا ندامانورو ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر ان کے پاس بلے بازی آتی تب بھی وہ زیادہ پریشان نہیں ہوتے، انہیں خود کو موقع دینے کے لیے اچھی کرکٹ کھیلنی ہوگی۔‘
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
انگلینڈ: جوز بٹلر (کپتان)، جونی بیئرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، ڈیوڈ ولی، گس اٹکینسن، ہیری بروک، معین علی، کرس ووکس، عادل رشید۔
نیدرلینڈز: اسکاٹ ایڈورڈز (کپتان)، تیجا ندامانورو، میکس اوڈاؤڈ، ویزلے بریسی، کولن ایکرمین، سائبرینڈ اینجل بریچ، باس ڈی لیڈے، لوگان وین بیک، آریان دت، پال وان میکرین، ریلوف وین مروے