(ویب ڈٰیسک):ممبئی: بالی ووڈ فلموں کی ماضی کی مقبول ترین جوڑی سلمان خان اور ایشوریا رائے کو طویل عرصے بعد ایک ساتھ کر مداح خوشی سے جھوم اُٹھے۔12 جولائی کو ممبئی میں امیر ترین بھارتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں بالی ووڈ اسٹارز سمیت دُنیا بھر کی معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔
اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں بالی ووڈ کی صفِ اول اداکارہ ایشوریا رائے اپنی بیٹی آرادھیا بچن کے ہمراہ فوٹو شوٹ کرواتی نظر آئیں جبکہ پورا بچن خاندان علیحدہ سے تصویر بناتے ہوئے دکھائی دیا۔
امبانی کی شادی سے جہاں بالی ووڈ ستاروں کی تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں تو وہیں اس تقریب سے ایشوریا رائے بچن اور سلمان خان کی بھی ایک تصویر گردش کررہی ہے۔
سوشل میڈیا پر گردش کرتی تصویر میں ایشوریا رائے نے سلمان خان کا ہاتھ تھاما ہوا ہے جبکہ اسی تصویر میں دبنگ اسٹار کی بہن ارپیتا خان شرما بھی موجود ہیں۔
یہ تصویر جیسے ہی وائرل ہوئی تو مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، مداحوں نے سوال کیا کہ سلمان خان اور ایشوریا رائے شادی کرنے والے ہیں؟
بعدازاں، اس تصویر کی حقیقت سامنے آئی جس میں بتایا گیا کہ مذکورہ تصویر اصلی نہیں بلکہ آرٹیفییشل انٹیلیجنس (AI) سے تیار کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان اور ایشوریا رائے نے سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی 1999 کی سُپر ہٹ فلم ‘ہم دل دے چکے صنم’ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔
اس فلم کے بعد سلمان خان اور ایشوریا رائے کے درمیان کئی برسوں تک دیرینہ دوستی رہی تھی اور بات شادی تک بھی جاپہنچی تھی لیکن پھر دونوں کے درمیان یہ رشتہ ٹوٹ گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ سلمان خان نے آج تک ایشوریا رائے کی وجہ سے شادی نہیں کی۔