کراچی (ویب ڈیسک): بلوچ کالونی پل کے قریب آئل ٹینکر نے گاڑی کو کچل دیا جس سے کار سوار جاں بحق ہوگیا جب کہ سڑک پر آئل پھیل گیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔حکام کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور 3 گھنٹے بعد کرین کی مدد سے آئل ٹینکر کو اوپر اٹھاکر گاڑی کو نکالا گیا جب کہ کار میں موجود شخص کی لاش بھی نکال لی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ ٹینکر کا انجن الگ ہونےکی وجہ سے ہوا، ٹینکر میں مٹی کا تیل ہے، تیل خالی کیے بغیر ٹینکر کی منتقلی سے حادثے کا خدشہ ہے، حادثے کے بعد ٹینکر سے تیل کا اخراج جاری رہا جس کے سبب بلوچ کالونی پل کے دونوں ٹریک کی روانی کو بند کردیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بلوچ کالونی پل بند ہونے کے باعث مختلف شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے، شاہراہ فیصل پر ٹریفک کی روانی سست روی کا شکار ہے جب کہ شاہراہ قائدین اورکورنگی روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی کو جاری رکھنے کیلئے متبادل راستے دیے گئے ہیں، کورنگی کی طرف سے آنے والے ٹریفک کو اختر کالونی کی طرف موڑ دیا گیا ہے اور گودام چورنگی کورنگی سے جام صادق پل کی طرف کے ٹریفک کویوٹرن سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ ٹریفک کو بوہری کٹ شہید ملت روڈ سے شاہراہ فیصل کی طرف موڑ دیا گیا ہے، بلوچ پل ریمپ سے کورنگی کی ٹریفک کو ایف ٹی سی کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔