کوئٹہ (ویب ڈیسک): وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں قابل اور ہونہار افسران کو تعینات کیا جائے گا جبکہ انہیں خصوصی مراعات بھی دی جائیں گی۔کوئٹہ میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے اختتام پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے قیام امن کیلیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، ہم ملک سے دہشت گردی کا ہر حال میں خاتمہ کریں گے اور دہشت گردوں سے رعایت کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں کے ساتھ کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں ہوگی، پاکستان کے جھنڈے اور آئین کو سلام کرنےو الوں سے مذاکرات ضروری ہیں مگر ملک کے دشمنوں کے ساتھ کسی صورت مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
وزیراعظم نے بلوچستان میں قابل اور ہونہار افسران کی تعیناتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی وجہ سے کچھ افسران بلوچستان آنے سے کتراتے ہیں مگر اب افسران کی تعیناتی سے متعلق پالیسی بنائی ہے، 48 کامن ٹریننگ پروگرام والے افسران کی بلوچستان میں ایک سال کیلیے تعیناتی کی جائے گی جبکہ 49 کامن ٹریننگ کے باقی افسران کی ایک سال بعد ڈیڑھ سال کیلیے تعیناتی کی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بلوچستان میں تعینات ہونے والے افسران کو خصوصی مراعات دی جائیں گی، انہیں ہر تین ماہ پر اہل خانہ کیلیے چار ایئرٹکٹ دیے جائیں گے، پرفارمنس رپورٹ اور کارکردگی پر 3 اضافی پوائنٹس دیے جائیں گے۔