ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان کی سالگرہ ہر سال بڑے جوش و خروش کے ساتھ منائی جاتی ہے اور اس دن ان کی رہائش گاہ ’منت ‘ کے باہر مداحوں کی بڑی تعداد بھی موجود ہوتی ہے۔شاہ رخ خان ہر سال اپنی سالگرہ کےروز منت کی بالکونی میں آکر باہر جمع ہونے والے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور شاہ رخ کی یہ جھلک مداحوں کیلئے ایک خاص لمحہ بن جاتی ہے لیکن گزشتہ روز شاہ رخ کے مداح ان کی 59 ویں سالگرہ پر اس خوشگوار لمحے سے محروم رہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کی جانب سے اس مرتبہ منت کی بالکونی میں نہ آنے کی کوئی وجہ تو نہیں بتائی گئی تاہم شاہ رخ خان نے اس مرتبہ اپنی سالگرہ کے روز باندرہ میں آفیشل فین کلبز کی طرف سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو خوش کردیا۔
کنگ خان نے مداحوں کا شکریہ ادا کرنے کیلئے سوشل میڈیا پر اپنی ایک تصویر شیئر کی، تصویر میں شاہ رخ خان کو بلیو ٹی شرٹ ، جینس پر سن گلاسز پہنے بازو پھیلائے اپنے مخصوص پوز میں دیکھا جاسکتا ہے۔
شیئر کی گئی تصویر کے ساتھ شاہ رخ نے اپنے مداحوں کیلئے ایک خوبصورت کیپشن درج کیا کہ’ میری شام کو خاص بنانے کے لیے آپ کی آمد کا شکریہ، ہر اس شخص کا شکریہ جنھوں نے آکر میری سالگرہ کو خوبصورت بنایا ‘۔
شاہ رخ خان نے اپنی پوسٹ میں منت کے باہر نہ پہنچ پانے والے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔