بلاول بھٹو چیمپئن شپ کی 75 لاکھ کی سرکاری رقم لٹ جانے کے معاملے پر صوبائی وزارت کھیل نے ایونٹ منیجمنٹ کمپنی سے وضاحت طلب کرلی۔
وزارت کھیل کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ وزارت کھیل نے چیمپئن شپ ٹھٹہ میں کرنے کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے جاری کئے،ایونٹ منیجمنٹ کمپنی نے فٹبال چیمیئن شپ کی تاریخ کیوں تبدیل کی۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایونٹ منیجمنٹ کمپنی نے رقم بینک سے غیر ضروری طور پر کیوں نکالی اور رقم لٹ جانے کا محکمہ کھیل کو کیوں نہیں بتایا۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ کمپنی نے تین روز میں وضاحت نہ کی تو معاملہ ایف آئی اے کو بھیج دیں گے۔
خیال رہے کہ محکمہ کھیل نے 5 دسمبر کو ٹھٹہ میں یوتھ فٹبال چیمپئن شپ کا اعلان کیا تھا، ایونٹ آرگنائزر سے 2 دسمبر کو سرکاری رقم 75 لاکھ روپے لٹ جانے سے ایونٹ نہ ہوسکا لیکن ایونٹ نہ ہونے پرمحکمہ کھیل سوتا رہا اور 15 دن بعد جاگا۔