کراچی(ویب ڈیسک): بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن بھی اداکار نوازالدین صدیقی کے کام اور ان کی صلاحیتوں کے معترف ہیں۔
انڈیا ٹائمز کے مطابق بالی ووڈ سٹار امیتابھ بچن اور نوازالدین صدیقی 2016 کی فلم ” تین” میں ایک ساتھ نظر آئے تھے، اس فلم کی ریلیز سے قبل بالی ووڈ سپر سٹار سے انٹرویو میں ایک قابل اعتراض سوال پوچھا گیا تھا۔ امیتابھ بچن سے اداکار نواز الدین صدیقی کے بارے میں پوچھا گیا کہ “وہ کسان ہونے کے باوجود کیسے متاثر کن صلاحیت کے حامل اور قابل احترام اداکار بن گئے؟” جس کے جواب میں امیتابھ بچن نے کہا تھا کہ ” نوازالدین کی کہانی متاثر کن ہے، اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کی بےپناہ صلاحیت اور محنت کی وجہ سے وہ اس کے حق دار تھے، ایک اور وجہ ان کی پرفارمنس میں پائی جانے والی سادگی ہے اور یہی وہ ٹاسک ہے جو کسی اور اداکار کے لیے کافی مشکل ہوگا”۔
امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ “آپ کسی کی صلاحیت کی جانچ اس کے کسان ہونے کی بنیاد پر نہیں کرسکتے۔ یہ سوال ہی غلط ہے، اس کا تو مطلب یہ ہوا کہ کسان اچھا تفریح و طبع فراہم کرنے والا نہیں بن سکتا۔ نوازالدین کی سٹوری اسی لیے نہایت ہی متاثر کن ہے کہ انہوں نے اپنی بےپناہ صلاحیت اور بھرپور محنت سے جگہ بنائی اور آج وہ جس جگہ پر ہیں وہ اس کے مستحق ہیں”۔
واضح رہے کہ نوازالدین صدیقی نے بین الاقوامی طور پر مشہور فلم “گینگز آف واسع پور “(2012) اور “دی لنچ بکس” (2013) سے شہرت حاصل کی۔اتر پردیش میں پیدا ہونے والے نوازالدین اپنے گاؤں کے پہلے کیمسٹری گریجویٹ ہونے کا اعزاز بھی رکھتے ہیں۔