8 بار کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور دنیا کے تیز ترین انسان یوسین بولٹ مبینہ دھوکا دہی کے نتیجے میں ایک کروڑ 27 لاکھ ڈالرز سے محروم ہوگئے۔ جمیکا سے تعلق رکھنے والے یوسین بولٹ کے ایک کروڑ 27 لاکھ ڈالرز ایک سرمایہ کار کمپنی میں کھولے گئے اکاؤنٹ سے غائب ہوگئے۔
ایتھلیٹ کے وکلا نے بتایا کہ ان کا یہ اکاؤنٹ ایک کمپنی اسٹاکس اینڈ سکیورٹیز میں کھولا گیا تھا۔
یوسین بولٹ نے اپنے جشن کے مخصوص انداز کیلئے ٹریڈ مارک درخواست جمع کرادی
ان کے وکلا کا کہنا تھا کہ یوسین بولٹ کو حال ہی میں بتایا گیا کہ ان کے اکاؤنٹ میں محض 12 ہزار ڈالرز باقی رہ گئے ہیں۔
یوسین بولٹ کا یہ اکاؤنٹ ریٹائرمنٹ اور سیونگز کے لیے کھولا گیا تھا۔
وکلا کے مطابق اس طرح کی خبر کسی کے لیے بھی تکلیف دہ ہوسکتی ہے اور یوسین بولٹ بھی یہ جان کر شاک رہ گئے تھے۔
جمیکا کے فنانشنل سروسز کمیشن نے 18 جنوری کو بتایا کہ اسٹاکس اینڈ سکیورٹیز میں مبینہ فراڈ کی رپورٹس سن کر معاملے کی جانچ پڑتال کے لیے ایک آڈیٹر کو تعینات کیا گیا ہے۔
اسٹاکس اینڈ سکیورٹیز کی جانب سے اس حوالے سے فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔
البتہ اس کی ویب سائٹ پر ایک بیان موجود ہے جس میں کہا گیا کہ ہم صارفین کی پریشانی کو سمجھتے ہیں اور ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ معاملے کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
کمپنی کے مطابق فراڈ کا انکشاف جنوری کے شروع میں ہوا تھا اور ممکنہ طور پر متعدد صارفین کے کروڑوں ڈالرز غائب ہوسکتے ہیں۔
یوسین بولٹ کے وکلا نے بتایا کہ حکام کی جانب سے ابھی ہم سے رابطہ نہیں کیا گیا، اگر گم ہونے والی رقم 8 دن کے اندر واپس نہیں ملتی تو یہ معاملہ عدالت میں لے جایا جائے گا۔
خیال رہے کہ جمیکا سے تعلق رکھنے والے یوسین بولٹ 2017 میں ریٹائر ہوئے اور 2008 سے 2016 کے دوران 3 اولمپک گیمز میں 8 گولڈ میڈل جیتے۔
دنیا میں 100 میٹر (9.58 سیکنڈ) اور 200 میٹر (19.19 سیکنڈ) میں کم ترین وقت میں فاصلہ طے کرنے کے عالمی ریکارڈز یوسین بولٹ کے پاس ہیں اور اسی لیے انہیں دنیا کا تیز ترین انسان بھی کہا جاتا ہے۔