لاس اینجلس (ٹیک ڈیسک) سنہ 1969 کے اپالو 11 مشن کے ذریعے چاند پر قدم رکھنے والے تین امریکی خلابازوں میں سے ایک بز ایلڈرین نے اپنی 93ویں سالگرہ پر اپنی دیرینہ محبت سے شادی کر لی۔
ہفتے کو ٹوئٹر پر مسٹر ایلڈرین نے اپنی اہلیہ ڈاکٹر اینکا فاؤر کے ساتھ تصاویر پوسٹ کیں اور کہا کہ وہ لاس اینجلس کیلیفورنیا میں ایک چھوٹی سی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
بز ایلڈرین اس سے قبل تین بار شادی اور طلاق لے چکے ہیں۔ وہ اپالو 11 مشن کے تین رکنی عملے کے واحد زندہ بچ جانے والے رکن ہیں۔ نیل آرمسٹرانگ چاند کی سطح پر قدم رکھنے والے پہلے خلاباز تھے، لیکن 19 منٹ بعد مسٹر ایلڈرین نے ان کے بعد چاند کی سطح پر قدم رکھا تھا۔
سابق خلاباز 1971 میں ناسا سے ریٹائر ہوئے اور 1998 میں شیئر سپیس فاؤنڈیشن کی بنیاد رکھی، جو کہ عملے کی خلائی تحقیق کی توسیع کو فروغ دینے کے لیے ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے۔