کراچی (ویب ڈیسک): ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا جس نے مزید تباہی پھیلائی اور جس کی وجہ سے اب تک ریسکیو کا کام مکمل نہیں ہوسکا۔زلزلے میں جہاں ہزاروں افراد اور بچوں نے اپنا گھر بار اور خاندان کھویا وہیں متعدد کو قدرت نے دوسری زندگی سے نوازا۔ایسا ہی ایک واقعہ ترکیہ میں پیش آیا جہاں 10 دن کے بعد نوزائیدہ اور اس کی والدہ کو 4 دن تک ملبے کے نیچے پھنسے رہنے کے بعد زندہ نکالا گیا جس کی تصدیق ریسکیو ٹیم نے کی۔
10-day old Yağız Ulaş has been rescued from the wreckage with his family, 90 hours after the earthquake. pic.twitter.com/fC7eHVb5xT
— Ekrem İmamoğlu (International) (@imamoglu_int) February 9, 2023
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ خاتون اور اس کے بچے کو سخت سردی کے موسم میں کئی دن گزارنے کے بعد بچایا گیا کیونکہ عملے کو ترکیہ اور شام میں خراب موسم اور مسلسل آنے والے آفٹر شاکس کے باعث زلزلے کے بعد زندہ بچ جانے والوں کی تلاش سے روک دیا گیا تھا۔
ریسکیو اہلکاروں نے بتایا کہ جب ہم نے 10 دن کے ترک بچے ‘یغیز اولاس’ اور اس کی والدہ کو ملبے کے نیچے سے نکالا تو بچہ بالکل نہیں رویا جس سے ہم خوفزدہ ہوئے، بچے کو کمبل میں لپیٹ کر جب ڈاکٹرز کے حوالے کیا گیا تو وہ زندہ تھا۔
دوسری جانب اس کی والدہ کی کیفیت حیرانی والی تھی، ان کا چہرہ زرد پڑ چکا تھا لیکن وہ ہوش میں تھیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے اموات کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔