اسلام آباد (ویب ڈیسک): سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام سے متعلق کیس میں گرفتار سابق وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کے این اے 62 راولپنڈی سے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی شیخ راشد شفیق کی جانب سے جمع کرائے گئے تھے جنہیں ریٹرننگ افسر نوشین اسرار نے منظور کرلیا۔
ریٹرننگ افسر نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو اسکروٹنی عمل میں شامل ہونے کیلئے طلب کیا تھا لیکن جیل حکام نے انہیں پیش نہیں کیا تاہم ان کے کاغذات نامزدگی آج منظور کر لیے گئے ہیں۔
ریٹرننگ افسر نے کہا کہ تاحال شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی درست ہیں، کسی نے اعتراض نہیں اٹھایا، 13 فروری تک اگر کوئی اعتراض نہیں آتا تو شیخ رشید کو پیش کرنے کی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق خان اور سردار شہباز نے شیخ رشید کی پیشی کے لیے ریٹرننگ افسر نوشین اسرار کو درخواست دی تھی جس پر نوشین اسرار نے سپریٹنڈینٹ اڈیالہ جیل کو شیخ رشید کو پیش کرنے کیلئے مراسلہ لکھا تھا۔
3 روز قبل شیخ رشید نے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جیل سے لڑوں یا باہر سے، الیکشن لڑوں گا اور عمران خان کے ساتھ مل کر لڑوں گا۔
جیل سے لڑوں یا باہر سے،الیکشن لڑوں گا اور عمران خان کے ساتھ مل کر لڑوں گا، شیخ رشید pic.twitter.com/8mfnEuD7et
— Khurram Iqbal (@khurram143) February 8, 2023
انہوں نے کہا تھا کہ مجھے امید ہے کہ راشد شفیق نے میرے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہوں گے، میں درخواست کروں گا کہ جانچ پڑتال کے دوران مجھے طلب کیا جائے، یہ میری ہمدردیاں بدلنا چاہتے ہیں۔
دریں اثنا شیخ راشد شفیق نے پنڈی کچہری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل رات 7 بجے جیل سے فون آیا کہ ہم شیخ رشید کو پیش نہیں کر رہے۔
انہوں نے کہا کہ مری کے مجسٹریٹ نے آڈر میں کہا ہے شیخ صاحب کو پیش کریں لیکن جیل سپرٹنڈنٹ نے آڈر ماننے سے انکار کیا جیل سپرٹنڈنٹ نے کہا کہ آر او سے آڈر لے کے آئیں، جیل سپرٹنڈنٹ کی جانب سے دونوں آڈر کو ماننے سے انکار کیا گیا، آر او صاحبہ نے شیخ رشید کے کاغذات نامزدگی منظور کر لیے ہیں۔
شیخ راشد شفیق نے بتایا کہ مری سے واپسی پر بھی رات شیخ رشید کو کسی سے ملوانے باہر لے کر گئے، شیخ رشید نے کہا کہ دن کی روشنی میں جس سے ملوانا ہے ملوں گا، رات کے اندھیروں میں نہیں ملوں گا۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے ایک ہزار سے زائد بینرز ہٹائے جا رہے ہیں، وفاداریاں تبدیل کرنے کا بھی کہا جا رہا ہے، شیخ صاحب نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔