اسلام آباد (ویب ڈیسک): فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے 30 ستمبر تک ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے خلاف کارروائی کے نوٹس پر صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے تنقید کی ہے۔صدر پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن نے کہا ایف بی آر کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کی سمز، بجلی و گیس کے کنکشنز بند کر دیےجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تاجر دوست اسکیم پر عمل در آمد نہیں کروا سکی،کارروائی حکومت کی رٹ چیلنج کرنے والوں کےخلاف ہونی چاہیے لیکن ایف بی آر قوانین کی پاسداری کرنے والوں پر کارروائی کرنے جا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فائلرز کے 30 ستمبر تک گوشوارے جمع نہ کرانےکی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، حکومت ٹیکس دینے والوں کو سہولیات دے، ان پر جرمانے عائد نہ کرے۔
واضح رہے کہ ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے ترجمان نے ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کیا۔
ترجمان نے کہا کہ ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے لیے 30 ستمبر تک کا وقت دیا ہوا ہے جس میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق حکومت اقدام متعارف کروا رہی ہے جو نان فائلرزکو جائیداد خریدنے سے روکنے میں مددگار ہو گا۔