کراچی (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر تنویر احمد کا کہنا ہے ایشیا کپ کے انعقاد سے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکا اشرف کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔پاکستان کی سربراہی میں ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست سے ہو چکا ہے اور ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیپال کو 238 رنز کے بڑے مارجن سے شکست بھی دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں سری لنکا نے بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے ہرایا۔
ایشیا کپ کے انعقاد سے کچھ عرصہ قبل پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی تبدیل کی گئی اور نجم سیٹھی کی جگہ ذکا اشرف کو چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی بنایا گیا۔
اس حوالے سے ایک نجی ٹی وکے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے تنویر احمد کا کہنا تھا ایشیا کپ جو ہو رہا ہے یا پاکستان ایشیا کپ جیت بھی جاتا ہے تو میری نظر میں اس میں ذکا اشرف کا کوئی کریڈٹ نہیں ہے کیونکہ یہ ساری محنت نجم سیٹھی کی ہے۔
تنویر احمد کا مزید کہنا تھا ایشیا کپ کے حوالے سے ساری لڑائی نجم سیٹھی نے لڑی کیونکہ جس وقت یہ کہا جا رہا تھا کہ یہ ٹورنامنٹ ہم نہیں کھیلیں گے، ہائبرڈ ماڈل کے تحت نہیں کھیلیں گے، یہاں تک کہ ٹورنامنٹ کے مؤخر ہونے تک بات پہنچ گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا جو کرکٹرز یا جو لوگ اس معاملے میں ذکا اشرف کا نام لیں گے وہ چاپلوسیاں کرنے میں سب سے ماہر ہوں گے کیونکہ اس میں ذکا اشرف کا کوئی لینا دینا ہی نہیں ہے، وہ آئے ہیں اور ٹورنامنٹ کروائیں گے بس بات ختم ہو جائے گی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا میرے خیال میں اس معاملے میں نجم سیٹھی کا بہت زبردست کردار ہے اور پورے پاکستان کو پتہ ہے کہ اس معاملے پر ٹھیک ٹھاک قسم کی بحث چلی ہے۔
تنویر احمد کی جانب سے نجی پروگرام کے کلپ کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی شیئر کیا گیا جس پر نجم سیٹھی نے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔