کراچی (ویب ڈیسک): متحدہ عرب امارات کا ایک اعلیٰ سطحی وفد شیخ احمد دلموک المکتوم کی سربراہی میں آج صبح کراچی پہنچ گیا ہے جس میں اے ڈی پورٹس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔متحدہ عرب امارات کے وفد کی سربراہی شیخ احمد دلموک المکتوم کررہے ہیں، وفد کا استقبال وزیر بحری امور فیصل سبزواری اور اماراتی قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی نے کیا اور انہیں پاکستان میں میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع اور امکانات سے آگاہ کیا۔
وفد کی آمدکا مقصد، پاک یو اے ای تجارتی تعلقات میں وسعت اور نئے منصوبوں پر غور ہے، دورے کے دوران اعلیٰ سطحی وفد سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی کے شعبوں پر حکومتی اہلکار سے ملاقات اور بات چیت کر ےگا، متحدہ عرب امارات مختلف شعبوں جیسا کہ صلاحیت میں اضافے اور لاجسٹکس آپریشن میں ملٹی ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے لیے حکومت کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی وزارت اور وفاقی حکومت برادر ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر کام کر رہی ہے، ترقی کے بہت زیادہ امکانات ہیں، اے ڈی پورٹس اور کےپی ٹی کے درمیان سرمایہ کاری کے لیے ایک ایم او یو پر دستخط کیے گئے جس سے کے پی ٹی میں بین الاقوامی تجربہ آئے گا اور اس کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا، بعد میں وفد نے کے پی ٹی کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وفد کا کہنا تھا کہ یہ سرمایہ کاری نہ صرف برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرے گی بلکہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی فروغ دے گی اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں حکومت سے حکومت اور کاروبار سے کاروباری سرمایہ کاری کے لیے مزید جگہ پیدا کرے گی، برادر ممالک مختلف شعبوں میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری اور پاکستان میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے پاکستان کی حمایت کے لیے آگے آرہے ہیں۔
اس موقع پراماراتی قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیتی کا کہنا تھا کہ یو اے ای حکومت ہر شعبے میں پاکستان سے تعلقات مزید بہتر کرنے کا عزم رکھتی ہے، مضبوط پاکستان ہی خطّے میں استحکام کی ضمانت ہے ،ہرطرح کے حالات میں پاکستان اور پاکستانی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑےہیں۔