پشاور (ویب ڈیسک): تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا ہے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ جلسہ اور احتجاج ہمارا سیاسی و قانونی حق بنتا ہے، پر امن جلسے و جلوس کو ہنگامہ آرائی میں تبدیل نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے، دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ تحریک سے پیچھے ہٹ جائیں۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اور انہوں نے بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچایا ہے۔
دوسری جانب مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا کہ 24نومبر کو ہونے والے احتجاج کی تیاریاں زور وشور سےجاری ہیں، موٹروے پر تمام قافلے جمع ہوکرعلی امین گنڈاپور کی سربراہی میں اسلام آباد جائیں گے۔