اسلام آباد (ویب ڈیسک): ظاہر شاہ کو قومی احتساب بیورو (نیب) کا چیئرمین تعینات کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ظاہر شاہ کو قومی احتساب ایکٹ 1999 کی سیکشن 6 ، بی کے تحت چیئرمین نیب تعینات کیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق ظاہر شاہ کا تقرر نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی تک کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ظاہر شاہ کی تعیناتی 22 فروری سے کی گئی ہے اور وہ اس عہدے پر نئے چیئرمین کے انتخاب تک کام کرتے رہیں گے، ظاہر شاہ اس وقت چیئرمین نیب ہیں۔
ظاہر شاہ اس سے پہلے نیب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر کے عہدے پرخدمات انجام دے رہے تھے۔آفتاب سلطان کے مستعفی ہونے کے بعد سے ظاہر شاہ ہی ادارے کے معاملات سنبھالے ہوئے ہیں، وہ 10 برس سے زائد عرصے سے نیب سے وابستہ ہیں۔
ظاہر شاہ ڈی جی نیب راول پنڈی بھی رہے ہیں جبکہ سن 2021 سے وہ ڈپٹی چیئرمین کے عہدے پر فائز تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے استعفیٰ دیا تھا۔جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے کہا کہ میں نے کچھ دن پہلے استعفیٰ دیا تھا اور مجھے کچھ چیزوں کے بارے میں کہا گیا جو مجھے قبول نہیں تھیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے بتایا کہ میں شرائط کےساتھ کام جاری نہیں رکھ سکتا، میرا استعفیٰ قبول کرلیا گیا ہے اور ہمارا اختتام اچھے موڑ پر ہوا ہے، وزیراعظم نے میرے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا، میری بھی ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔