مظفر آباد : (ویب ڈیسک): آزاد کشمیر اسمبلی کے اسپیکر چوہدری انوار الحق بلامقابلہ وزیر اعظم منتخب ہو گئے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کے لیے مظفر آباد قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں انوار الحق آزاد کشمیر کے 15 ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے ہیں۔
سیکرٹری اسمبلی کے مطابق نو منتخب وزیر اعظم آزاد کشمیر کے مقابلے میں کسی بھی امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے ۔ سیکرٹری اسمبلی کا کہنا تھا کہ بلامقابلہ انتخاب ہونے کے باوجود قواعد کے مطابق پولنگ کا عمل ہوگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آزادکشمیر ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس کو توہین عدالت میں سزا سنائی تھی۔ عدالت نے سردار تنویر الیاس کو عدالت برخاست ہونے تک سزا سنائی اور انہیں کسی بھی عوامی عہدے کیلئے نااہل قرار دیا تھا۔