ڈیرہ اسماعیل خان (ویب ڈیسک): خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی نجی کمپنی کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 سول ملازمین اور ایک سپاہی شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں دہشت گردوں نے ایک نجی کمپنی کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 بے گناہ سول ملازمین شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نجی کمپنی علاقے میں ترقیاتی منصوبے پر کام کر رہی ہے، شہید ملازمین میں محمد فیصل اور آصف کامران شامل ہیں جن کا تعلق کرک سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ڈی آئی خان میں سپاہی شاہین شاہ بھی دہشت گردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہنگو کے رہائشی سپاہی شاہین شاہ پروجیکٹ کی سکیورٹی پر مامور تھے۔
دوسری جانب آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے باڑا میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا جس میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد کی شناخت قدرت شاہ عرف ابو بکر کے نام سے ہوئی،مارے گئے دہشت گرد سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گرد دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا، علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔