(ویب ڈیسک):افغانستان کے صوبے ننگر ہار میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش نے تباہی مچادی، بارش سے مختلف حادثات میں 47 افراد جاں بحق ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق ننگر ہار میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث مختلف حادثات میں 350 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
افغان حکام کے مطابق مسلسل بارش سے 400 کچے مکانات بھی تباہ ہوگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ تیز بارش کے باعث مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا۔
افغان حکام کا کہنا ہےکہ دو روز سے جاری بارش کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
خیال رہےکہ مئی میں بھی افغانستان کے شمالی صوبے بغلان میں طوفانی بارش سے ہونے والے حادثات میں 300 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے جب کہ سیکڑوں گھر تباہ ہوگئے تھے۔