کراچی (ویب ڈیسک): چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب متاثرین سے کیے گئے وعدے پورے نہ کرنے کی صورت میں وفاقی حکومت میں ملنے والی وزارتیں چھوڑنے کا اشارہ دے دیا۔کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا افسوس ہے وفاقی حکومت نے جو مالی مدد کا وعدہ کیا تھا وہ اب تک پورا نہیں کیا جا سکا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا وفاقی حکومت نے وعدے پورے نہ کیے تو ہمارے لیے مشکل ہو گا کہ اپنی وزارتیں برقرار رکھیں، امید ہے ہماری شکایت کا ازلہ کیا جائے گا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ واحد صوبہ ہے جس کو مردم شماری پر تحفظات ہیں، وفاقی حکومت پی پی کے اعتراضات نہیں دیکھتی تو سندھ وفاق کا ساتھ نہیں دے گا۔
بیج سبسڈی پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری پر ہمارے اعتراضات کا حل نہیں ہے، مردم شماری کوسپورٹ کرسکتے ہیں مگر جو طریقہ کار اپنایا گیا اسکی حمایت نہیں کریں گے۔ مردم شماری پر وفاق میں بات کروں گا، بے ضابطگیاں ہوئیں تو ہم نہیں مانیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے، اصل ایشوز حل کرنے ہوں گے، تاریخی مشکلات ہیں اور امن و امان کی صورتحال تشویشناک ہے، خطرات نا ہوں توہم معاشی بحران کو اولین ترجیح دیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمارا مقابلہ معیشت اور بے روزگاری سے ہے کسی سلیکٹر سے نہیں، افسوس ہوتا ہے سیلاب متاثرین سے جو مدد کا وعدہ وفاق نے کیا تھا وہ پورا نہیں ہوا، وفاق کو 4.7 بلین کا وعدہ پورا کرنا پڑے گا۔ معاملہ وفاقی کابینہ اور قومی اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وفاق اپنی ترجیح سندھ اور پنجاب کے سیلاب متاثرین کو رکھے گا تو مثبت پیغام جائے گا، وفاقی حکومت نے متاثرین سے وعدے پورے نہ کئے تو لوگ ہم سے پوچھیں گے، ایسے میں ہمارا وزارت رکھنا بہت مشکل ہوجائے گا۔