کراچی (نجات نیوز): وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے سی پی این ای کو 1 کروڑ ، پی ایف یو جے کو 50 لاکھ روپے کے انڈومینٹ فنڈ کے چیک فراہم کردیے۔
تفصیلات کے مطابق سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل عامر محمود و دیگر نے صوبائی وزیر سے انڈومینٹ فنڈ کا 1 کروڑ روپے کا چیک وصول کیا۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے لالا اسد پٹھان نے 50 لاکھ روپے کا چیک وصول کیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ماتلی پریس کلب کے لئے 3 لاکھ روپے گرانٹ کا چیک کلب کے صدر ماجد نوتکانی کے حوالے کیا۔
سیکرٹری محکمہ اطلاعات سندھ عمران عطا سومرو ، ڈائریکٹر ایڈمن محمد یوسف کابورو بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافتی اداروں اور تنظیموں کی مضبوطی اور پریس کلبوں میں سہولیات کی فراہمی کے لئے سندھ حکومت بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ میڈیا اور صحافیوں کے مسائل حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور صحافیوں کی بہتری سے ملک میں جمہوریت مستحکم ہوگی۔