کراچی (شوبز ڈیسک): اداکار منیب بٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اداکار فیروز خان کے وکیل اور ان کی لا فرم کی تضحیک کرنے پر وکیل فائق علی علی جھنگرانی نے قانونی کارروائی کے لیے وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) سے رجوع کرلیا ہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل فیروز خان کی جانب سے سابقہ اہلیہ علیزا سلطان سمیت متعدد شوبز شخصیات کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجا گیا تھا۔
فیروز خان کی جانب سے قانونی نوٹس کی تصویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی گئی جس میں اداکاراؤں کے ذاتی فون نمبرز سمیت ان کے گھر کا ایڈریس بھی درج تھا۔
بعد ازاں فیروز خان نے اس دستاویز کو اپنے اکاؤنٹ سے ڈیلیٹ کردیا، لیکن یہ پوسٹ سو شل میڈیا پر وائرل چکی تھی۔
تاہم شوبز شخصیات سمیت سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فیروز پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور متعدد معروف اداکاراؤں کی جانب سے فیروز خان کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔
فیروز خان کی جانب سے شیئر کی گئی پوسٹ میں منیب بٹ کا نام نہیں تھا لیکن ان کی اہلیہ ایمن خان کا نام موجود تھا، اسی لیے منیب بٹ نے اپنی اہلیہ کی جانب سے فیروز خان کے خلاف ایف آئی اے میں شکایت درج کرائی تھی۔
بعدازاں 17 جنوری کو انسٹاگرام اسٹوری میں منیب بٹ نے لکھا تھا کہ فیروز خان کو اپنا وکیل تبدیل کرنا چاہیے، فیروز خان کے وکیل یوٹیوب پر اپنے سبسکرائیبرز بڑھا رہے ہیں۔
گزشتہ روز فیروز خان کے وکیل فائق علی جھنگرانی اور ان کی لا فرم کو تضحیک کا نشانہ بنانے پر فائق علی جھنگرانی نے منیب بٹ کی خلاف قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے سے رجوع کیا ہے ۔
کراچی کے سائبر کرائم رپورٹنگ سینٹر میں درج کی گئی شکایت میں لکھا گیا ہے کہ 3 جنوری کو فائق علی جاگیرانی نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ میں شکایت جمع کرائی تھی۔
شکایت میں لکھا گیا کہ منیب بٹ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بغیر کسی وجہ کے میری لاء فرم ( کوپرز لاء فرم) اور مجھے وکیل کی حیثیت سے بدنام کر رہے ہیں، منیب بٹ کا یہ عمل آئین 1973 کے آرٹیکل 14 کی خلاف ورزی ہے۔
وکیل نے شکایت میں کہا کہ تعزیرات پاکستان 2016 کی دفعہ 24 کی خلاف ورزی کی صورت میں ایف آئی اے منیب بٹ کے خلاف قانونی کارروائی کرے۔
فیروز خان کے وکیل نے ایف آئی اے سائبر کرائم کراچی کے انچارج کو تحریری درخواست بھی جمع کرائی، جس میں منیب بٹ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کرنے اور مقدمہ درج کرنے کی درخواست کی گئی ۔
تحریری درخواست میں وکیل نے منیب بٹ پر ہتک عزت کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ عمل غیر قانونی ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایف آئی اے اداکار کے خلاف جلد از جلد مقدمہ درج کرے گی۔
خیال رہے کہ فیروز خان کی جانب سے قانونی نوٹس ڈیلیٹ کرنے کی بعد منیب بٹ نے انسٹاگرام پر لکھا تھا کہ پہلے قانونی نوٹس کو انسٹاگرام پر شیئر کرکے میری فیملی کی معلومات سوشل میڈیا پر لیک کیں اور پھر اسمارٹ بننے کے لیے پوسٹ ڈیلیٹ کی، میرے دوست جس نے بھی آپ کو ایسا کرنے کا مشورہ دیا اس نے آپ کو ایک سنگین مصیبت میں ڈال دیا۔
اداکار نے لکھا ’شروعات میں سمجھا کہ شاید یہ کوئی بیوقوفانہ غلطی ہے لیکن 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود کوئی معافی نا مانگنے پر یقین ہوگیا کہ یہ جان بوجھ کر اٹھایا گیا قدم تھا‘۔
منیب بٹ نے شکایت میں لکھا کہ فیروز خان کی جانب سے انسٹاگرام پر پوسٹ کیے گئے قانونی نوٹس شیئر کرنے کے بعد ان کی اہلیہ اور منال خان کو نامعلوم نمبرز سے فون آرہے ہیں اور مشکوک افراد ان کی رہائش گاہ پر آرہے ہیں جس سے میرے خاندان کو خطرہ ہے، فیروز خان کی خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے۔
اگرچہ فیروز خان کے قانونی نوٹس میں منیب بٹ کا نام نہیں تھا، لیکن انہوں نے اپنی اہلیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ان کی ذاتی معلومات لیک کرنے پر فیروز خان کے خلاف کارروائی کرنے کی درخواست کی تھی۔
فیروز خان کی جانب سے وائرل ہونے والے قانونی نوٹس کی فہرست میں شرمین عبید چنائے، میرا سیٹھی، ثروت گیلانی، یاسر حسین، عثمان خالد بٹ اور فرحان سعید شامل ہیں۔