لاہور (ویب ڈیسک): لاہور ہائی کورٹ میں رہنما پی ٹی آئی اور عمران خان کے بھانجے حسان خان نیازی کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران جمع کروائی گئی پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حسان نیازی کو انویسٹی گیشن اور ٹرائل کے لیے ملٹری کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں حسان خان نیازی کی بازیابی کے لیے ان کے والد حفیظ اللہ نیازی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
پولیس نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائی کورٹ میں جواب جمع کروایا، پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حسان خان نیازی جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد ہیں اور وہ مرکزی ملزمان میں شامل ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پولیس نے قانونی کارروائی مکمل کی اور حسان نیازی کو اشتہاری قرار دلوایا، رپورٹ میں بتایا گیا کہ پولیس نے حسان نیازی کو خیبر پختونخوا سے گرفتار کیا۔
رپورٹ کے مطابق حسان نیازی کو کمانڈنگ افسر کی درخواست پر ملٹری کے حوالے کر دیا گیا ہے، حسان نیازی کو ٹرائل کے لیے ملٹری کے حوالے کیا گیا ہے۔
وکیل پنجاب حکومت نے بتایا کہ حسان نیازی کو ملٹری کے حوالے کردیا گیا ہے، سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ حسان نیازی جناح ہاؤس حملہ کیس میں نامزد ہیں اور مرکزی ملزم ہیں۔
وکیل درخواست گزار نے دلائل دیے کہ حسان نیازی کو عدالت کے ذریعے ملٹری کے حوالے کرنا چاہیے تھا، مگر ایس ایچ او نے ایسا نہیں کیا اور قانون کے برعکس غلط کردار ادا کیا۔
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ حسان نیازی کو 13 اگست کو گرفتار کیا گیا، ان کا راہداری ریمانڈ کسی عدالت سے نہیں لیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عدالت، ایس ایچ او کو بلوا کر پوچھے اس نے ایسا غیر قانونی اقدام کیوں کیا۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے سوال پوچھا کہ اب آپ عدالت سے کیا استدعا کرنا چاہتے ہیں؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ پولیس نے کل کی سماعت کے فوری بعد غیر قانونی طور پر حسان نیازی کو ملٹری کے حوالے کیا۔
وکیل نے استدعا کی کہ عدالت اس اقدام کو غیر قانونی قرار دے، ان کا مزید کہنا تھا کہ والد اور بیٹے کی ملاقات کروائی جائے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ باپ بیٹے کی ملاقات پر سرکاری وکیل کو اعتراض تو نہیں ہے، جس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ رولز اینڈ ریگولیشن دیکھنا پڑیں گے۔
عدالت نے حسان نیازی کی ان کے والد سے ملاقات کے لیے سرکاری وکیل کو مہلت دے دی، عدالت نے ریمارکس دیے کہ متعلقہ اتھارٹی سے پوچھ کر بتائیں باپ بیٹے کی ملاقات ہوسکتی ہے؟
سرکاری وکیل نے مؤقف اپنایا کہ حسان نیازی کی حراست قانونی ہے، درخواست گزار کے وکیل کے ان الزامات کو مسترد کرتا ہوں۔
بعد ازاں، عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کی استدعا پر سماعت 2 بجے تک ملتوی کی۔
واضح رہے کہ 20 جون کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کو پیش آئے توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ سے متعلق مقدمات میں پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان، حسان خان نیازی اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے تھے۔
تفتیشی افسر نے کہا تھا کہ مقدمے میں نامزد افراد اپنی گرفتاری کے خوف سے جان بوجھ کر چھپے ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا۔
مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔
اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی میں ملوث 1900 مشتعل مظاہرین کو گرفتار کر لیا گیا تھا، جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔