اسلام آباد (ویب ڈیسک): حکومت آج سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کیساتھ ورچوئل مذاکرات دوبارہ شروع کریگی۔حکومت آئندہ 4 ماہ کے لیے آمدنی اور اخراجات کے تخمینوں کو حتمی طور پر طے کرنے کیلیے آج سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کیساتھ ورچوئل مذاکرات دوبارہ شروع کریگی۔عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسٹاف لیول معاہدے کے لیے گرین سگنل کا عندیہ دے دیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے اور رواں ہفتے ہی آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ طے پانےکا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے دیےگیے تمام اہداف پر پیش رفت کی، آئی ایم ایف کو 4 بار ایم آئی ایف پی کے اہداف پر مطمئن کیا گیا، اسٹاف لیول معاہدے سے قبل پیشگی اہداف بھی حاصل کیے گئے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہونے سے آئی ایم ایف کی آخری پیشگی شرط بھی پوری ہوگئی ہے، چین کے قرض کے رول اوور نے زرمبادلہ کے ذخائر بہترکردیے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک سینئر سرکاری عہدیدار نے اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایم ای ایف پی کے مسودے پر ورچوئل مذاکرات کے بعد لیٹر آف انٹینٹ پر دستخط کیے جائیں گے اور اسٹاف لیول معاہدے کا اعلان کیا جائے گا جس کے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر ملیں گے۔