اسلام آباد (ویب ڈیسک): وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مل بیٹھ کر مسائل حل کرنے کا عندیہ دے دیا۔سینیٹ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری سیاست قیادت کو سیاسی اختلافات ایک طرف کر کے ساتھ بیٹھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں بھی میں نے چارٹر آف اکانومی کی بات کی تھی جس کا مذاق اڑایا گیا، ہمیں ہمیشہ چور اور ڈاکو سے نوازا گیا،ابھی بھی وقت ہاتھ سے چلا نہیں گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وقت ہے ہم ہوش کے ناخن لے، آئیں مل بیٹھ کر پاکستان کا مستقبل سنوارے، آئیں سازش نہ کریں کاوش کریں، خرابی پیدا نہ کریں دور کریں،آئین نفرت اور زہر نہ پھیلائیں ،محبت بانٹیں،قوم کے دکھوں کو بھانٹیں۔
دوسری جانب عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی، مفادات اور جمہوریت کیلئے میں کسی قربانی سے گریز نہیں کروں گا، اس ضمن میں، میں کسی سے بھی بات کرنے کیلئے تیار ہوں اور اس جانب میں ہر قدم اٹھانے کیلئے تیار ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد میں ہمارےساتھ شامل پاکستان کے عوام اور لاہور سمیت پاکستان بھر سے آنے والے اپنے کارکنان کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔