میامی (ویب ڈیسک): امریکہ کی آرٹ گیلری میں آرٹ کا ایک نادر نمونہ اس وقت ٹوٹ کر چکنا چور ہوگیا جب ایک شخص نے اسے غبارے سے بنی شے سمجھ کر اٹھانے کی کوشش کی اور وہ ہاتھ سے پھسل کر فرش سے جا ٹکرایا۔ یہ شاہکار جیف کونز نے بنایا تھا۔
اس مشہور فن پارے کا نام ’غبارہ کتا‘ (بلون ڈاگ) ہے جس کی مالیت 42000 ڈالر بتائی جا رہی ہے جو پاکستانی روپے میں ایک کروڑ بنتی ہے۔ تاہم اس کی قیمت فن پارے کی انشورنس سے ادا ہوجائے گی۔ یہ فن پارہ 20 برس قبل بنایا گیا تھا جو دیکھنے میں ایسا لگتا ہے کہ گویا اسے غبارے سے ڈھالا گیا ہے۔
نیلے پورسلین سے بنا یہ مجسمہ 15 انچ اونچا ہے اور اسے آرٹ وائن وڈ نامی گیلری میں نمائش کے لیے رکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ جیف کون اپنے اختراعاتی اور انوکھے کام کی وجہ سے غیرمعمولی شہرت رکھتے ہیں۔ 2013 میں اسی غبارے کتے کا ایک بڑا ورژن 58 ملین ڈالر میں فروخت ہوچکا ہے۔ اس کے علاوہ بلون ڈاگ کا اصل مجسمہ لگ بھگ 12 فٹ طویل ہے جو بے زنگ فولاد سے اس طرح بنایا گیا ہے کہ اس پر شیشے کا گمان ہوتا ہے۔ ٹوٹنے والا شہ پارہ اسی کی نقل تھا لیکن اسے بھی جیمز نے ہی بنایا تھا۔
چونکہ یہ پورسلین سے بنا تھا اسی لیے گرتے ہی درجنوں ٹکڑوں میں تبدیل ہوگیا اور اس پر لوگوں نے اپنے غم وغصے کا اظہار بھی کیا ہے۔