ممبئی (شوبز ڈیسک): بالی وڈ کی ایکشن سے بھرپور سیریز’ڈان’ کے تیسرے پارٹ یعنی ڈان 3 کی تیاریوں کے حوالے سے گزشتہ کچھ دنوں سے کئی خبریں گردش میں ہیں۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ دن پہلے پروڈیوسر رتیش سدھوانی نے ہدایتکار اور اداکار فرحان اختر کی ڈان فرنچائز کے تیسرے پارٹ کے اسکرپٹ مکمل ہونے کی تصدیق کی تھی۔واضح رہے کہ بالی وڈ کی سپر ہٹ فلموں میں سے ایک ڈان سب سے پہلے 1978 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا جو مداحوں نے کافی پسند کیا تھا۔
28 سال بعد 2006 میں ہدایتکار فرحان اختر نے ماضی کی ہٹ فلم ڈان کو دوبارہ بنانے کا فیصلہ کیا اور اس بار ڈان کا کردار شاہ رخ خان کے حصے میں آیا جو انہوں نے بخوبی نبھایا۔
یہ سلسلہ ادھر نہیں رُکا بلکہ 2011 میں فرحان اختر نے ڈان 2 بنائی اور شاہ رخ خان ہی ڈان کے کردار میں نظر آئے۔
اب ڈان 3 کی تیاریوں کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کے بعد شاہ رخ خان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی کہ وہ اپنے پسندیدہ اداکار کو ایک بار پھر ڈان بنتا دیکھیں گے۔
تاہم بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ڈان 3 میں شاہ رخ خان کے بجائے ایک نئے اداکار کو ‘ڈان’ کے کردرار کے لیے فلم میں کاسٹ کیا جارہا ہے۔
پنک وِلاکی رپورٹ کے مطابق بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے ڈان فرنچائز کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کرلیا اور وہ مزید اس سیریز کی فلموں میں بحیثیت ‘ڈان’ نظر نہیں آئیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہ رخ خان اب کمرشل فلموں میں کام کرنا چاہتے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ڈان آج کے سنیما میں فٹ نہیں ہوتی۔
تاہم اس حوالے سے شاہ رخ خان یا ڈان کے پروڈیوسرز اور ہدایتکار کی جانب سے اب تک کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔