ایبٹ آباد (ویب ڈیسک):مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے جیل بھرو تحریک عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور ان کی دوست فرح گوگی سے شروع کی جائے۔ایبٹ آباد میں ن لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہیرے کی انگوٹھی اور رشوت آپ کی بیگم صاحبہ نے لی،گرفتاری وہاں سے شروع ہونی چاہیے، جیبیں آپ نے بھریں، جیلیں عوام کیوں بھریں۔
ان کا کہنا تھا جیلیں بھرنے کا دعویٰ کرنے والے 10 سال اپنی جیبیں بھرتے رہے، خیبرپختونخوا کا بجٹ کہاں گیا، لوگ جواب مانگتے ہیں، خیبرپختونخوا میں احتساب کے ادارے کو تالا لگ گیا، آج ان سے سوال پوچھا جاتا ہے تو کہتے میں جواب نہیں دوں گا، جواب تو دینا ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کا دامن صاف ہے تو وہیل چیئر پر بیٹھ کر عدالت جائیں، لیکن نہ ان کی نیت اور نہ ہی ان کا دامن صاف ہے، اللہ تعالیٰ انہیں صحت دے، میں ان کے لیے بددعا نہیں کرتی لیکن عدالت بلاتی ہے تو کہتا ہے ٹانگ پر پلاسٹر ہے، جلسہ کرنے راولپنڈی چلا جاتا ہے، تمہیں عدالت جانے سے پلاسٹر نہیں تمہارے جرائم روکتے ہیں، عدالت بلاتی ہے تو پلاسٹر دکھا دیتے ہو، کوئی سازش اور حکومت گرانے کے لیے بلائے تو دوڑے دوڑے جاتے ہو۔
مریم نواز کا کہنا تھا اگر موازنہ ہو گا تو عمران کے کے پی اور شہباز شریف کے پنجاب میں 10 سال کا ہو گا، موازنہ ہو گا تو عمران کے 4 سال اور نواز شریف کے 4 سال کا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا خیبر پختونخوا کو فنڈز کی نہیں نواز شریف کی ضرورت ہے، خیبرپختونخوا کے پاس فنڈز اور وسائل بہت ہیں، آنکھیں ترس گئیں لیکن خیبرپختونخوا میں مجھےکوئی منصوبہ نظر نہیں آیا، خیبرپختونخوا کے پاس ایک ہی منصوبہ ہزارہ موٹر وے ہے جو نواز شریف نے بنایا۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا عمران خان نے یہاں کون سا نیا منصوبہ بنایا ہے؟ ملک کے ہر منصوبے پر نوازشریف کا نام لکھا ہے، جو کہتا تھا پشاور کو لاہور جیسا بنا دوں گا، اس نے لاہور کو بھی پشاور بنا دیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا مجھے پشاور کے دھماکے کی شدید تکلیف ہے لیکن اس کا کون قصور وارہے، وہ ذمے دار ہے جو 10سال حکومت کرتا رہا، آپ کی ترقی کے پیسے زمان پارک پر خرچ ہوتے رہے، جو کے پی کی حفاظت پر پیسے خرچ ہونا تھے وہ عمران خان کی حفاظت پر خرچ کرتے رہے، اس ملک کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی نےکل کہا نواز شریف کو غیر آئینی طریقے سے نکالا گیا، سب بولیں گے کہ ہم نے نواز شریف کے ساتھ زیادتی کی، زیادتی نواز شریف کے ساتھ نہیں اس ملک کے ساتھ ہوئی ہے، قوم کا کیا قصور تھا جس پر ذہنی مریض لاکر مسلط کر دیا، ایک ذہنی مریض کے ہاتھوں 22 کروڑ کا ملک پکڑا دیا گیا، پھر تو یہی ہونا تھا۔