کراچی (ویب ڈیسک): ثانوی تعلیمی بورڈکراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سید شرف علی شاہ نے ہفتہ کے روز گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول برف خانہ ملیر اور آصف گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول ملیر کالا بورڈ کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے برف خانہ اسکول میں فرنیچر کی شکایت کے حوالے سے وہاں کی سینٹر سپرنٹنڈنٹ سے تفصیلات معلوم کیں۔
اس موقع پر انہوں نے کہا بورڈ نے فوری طور پر فرنیچر کی کمی کو پورا کیا۔ چیئرمین بورڈ نے اسی اسکول میں ایکسٹرنل سپرنٹنڈنٹ کو بھی فوری طور پر تعینات کرنے کے احکامات دیئے۔
انہوں نے کہا ہے کہ امتحانات کے دوران امیدواروں کو یا جس امتحانی مراکز سے شکایات موصول ہو رہی ہیں وہاں بورڈ کے افسران روزانہ ان امتحانی مراکز کا دورہ کریں اور ان کی شکایت کا ازالہ بھی کریں۔بعد ازاں سالانہ امتحانات کے دوران ہفتہ کے روز صبح کی شفٹ میں نہم جماعت کا طبیعات اور شام کی شفٹ میں دہم جماعت مطالعہ پاکستان کا پرچہ لیا گیا۔
اس موقع پر بورڈ کے ویجیلنس آفیسر زو دیگر بورڈ افسران نے مختلف امتحانی مراکز کے دورے کئے اور کئی امتحانی مراکز سے نقل میں ملوث 50 امیدواروں کی رپورٹ بورڈ کے شکایتی سیل میں رجسٹرڈ کرائی۔ تفصیلات کے مطابق حب آفیسر گورنمنٹ بوائز سیکنڈری بیرو ولیج ملیرمیں اصل امیدواروں کی جگہ 6امیدوار، شہیدان وطن میموریل اسکول اورنگی ٹاؤن میں حب آفیسر نے 3امیدوار، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول اسٹیل ٹاؤن پیپری سے حب آفیسر نے 27 امیدواروں سے موبائل فون، دی اسمارٹ سیکنڈری اسکول گلشن حدید کیمپس حب آفیسر نے 5 امیدواروں سے موبائل فون، آغوش چلڈرن اسکول گلشن حدید سے حب آفیسر نے 4 امیدواروں سے موبائل فون، گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول گرین ٹاؤن سے حب آفیسر نے 1امیدوار، البدر سیکنڈری اسکول بوائز کیمپس گارڈن ایسٹ سے سینٹر سپرنٹنڈنٹ نے 4امیدواروں سے نقل کا مواد برآمد کیا۔