اسلام آباد (ویب ڈیسک): جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اسرائیل کے حملے کی زد میں آنے والے فلسطینیوں کی مدد کے لیے غزہ روانہ ہو گئے۔ مولانا فضل الرحمان کسی بھی مسلم ملک کے پہلے مذہبی سیاسی رہنما ہیں جو جنگی علاقے کے سفر پر گئے ہیں۔مولانا فضل الرحمان کی نقل و حرکت کو خفیہ رکھا گیا کیونکہ وہ تباہ حال لوگوں تک خاموشی سے پہنچ کر ان کی مدد کرنا چاہتے تھے، وہ اپنے ساتھ خوراک اور ادویات لے کر جا رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کے قریبی ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ کراچی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی سے خطاب کے بعد جسے طوفان الاقصیٰ مارچ اور سندھ امن کانفرنس کا نام دیا گیا تھا، مولانا اس منزل کی جانب روانہ ہوگئے جہاں سے وہ مظلوم لوگوں تک پہنچیں گے۔
اس حوالے سے جب جے یو آئی ف کے ترجمان اسلم غوری سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تصدیق کی کہ مولانا فضل الرحمان غزہ کی طرف سفر کر رہے ہیں لیکن انہوں نے تفصیلات دینے سے گریز کیا۔