لندن (ویب ڈیسک): سابق مشیر احتساب شہزاد اکبر نے جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو موجودہ حالات کا ذمہ دار قرار دیدیا۔لندن میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا کہ نواز شریف اچھے آدمی ہیں، جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ ہمارے خلاف تھے اور وہ تباہی کے ذمہ دار ہیں، ملک کی موجودہ حالت کے ذمہ دار قمر جاوید باجوہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا چسکا لگ گیا ہے، مجھے پہلے ہی معلوم ہو گیا تھا کہ ہماری حکومت کا تختہ الٹ دیا جائے گا۔
سابق مشیر احتساب کا کہنا تھا کہ کابینہ نے کاغذات دیکھنے کی زحمت ہی نہیں کی، فیصل واوڈا کو ٹافی دی اس نے کہا انکل دستخط کہاں کرنے ہیں۔
شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ مجھے رواں برس انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے، پی ٹی آئی حکومت میں میرے پاس ایگزیکٹو اختیار نہیں تھا۔
واضح رہےکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں شہزاد اکبر عمران خان کے مشیر برائے احتساب تھے جب کہ انہیں ایسٹ ریکوری یونٹ کا سربراہ بھی بنایا گیا تھا تاہم حکومت کے آخری دنوں میں عمران خان نے شہزاد اکبر کو ذمہ داریوں سے ہٹادیا تھا۔