لاہور (ویب ڈیسک): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مینار پاکستان پر جلسے سے قبل لاہور کے داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جب کہ نگران پنجاب حکومت نے تھریٹ الرٹ بھی جاری کر دیا ہے۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تنظیم چئیرمین تحریک انصاف عمران خان ، مینار پاکستان جلسہ کو نشان بنا سکتی ہے ، کلعدم تنظیم سیاسی ریلیاں اور زمان پارک کو نشانہ بنا سکتی ہے۔
جاری تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ خطرات کے پیش نظر پی ٹی آئی قیادت اور اجتماعات کو سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
سیکیورٹی خدشات بارے پولیس ، سی ٹی ڈی اوردیگر اداروں کو ہدایات جاری کردیں گئیں، پولیس کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر سکیورٹی انتظامات کیے جارہے ہیں۔
لاہور کے علاقے شاہدہ سے راوی پل اور داتا دربار سے مینار پاکستان جانے والے راستے دونوں اطراف سے کنٹینرز لگا کر بند کردیے گئے ہیں، علاوہ ازیں ڈی آفس کے باہر بھی کنٹینرز لگا کر مینار پاکستان جانے والے راستے کو بند کر دیا گیا ہے۔
لاہور پولیس نے شہر میں داخل ہونے والے کنٹینرز اپنے قبضے میں لے کر مختلف مقامات پر لگادیے ہیں، شہر کے داخلی و خارجی راستے بند کرتے ہوئے پولیس نے کنٹینرز مالکان کے ڈرائیورز سے چابیاں بھی اپنے قبضے میں لے لیں۔
ایک ٹرک ڈرائیور نے بتایا کہ ’ہم رات کو داخل ہوئے تو پولیس نے زبردستی گاڑیاں مختلف مقامات پر کھڑی کروائیں، ہمیں کل 12 بجے تک بلا معاوضہ کنٹینرز کھڑے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔